ممبئی، 22/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے ہفتہ کو کہا کہ حج سبسڈی سے متعلق مختلف پہلوؤں کے مطالعہ کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو جلد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔انہوں نے ساتھ ہی واضح کیا کہ حج 2017میں حج سبسڈی ختم نہیں کی جائے گی۔اقلیتی امور کے مرکزی وزیر نے کہا کہ حج کمیٹی کے ذریعے جانے والے عازمین حج کی حج سبسڈی کے سلسلے میں کئی طرح کے مطالبات سامنے آئے ہیں، ساتھ 2012کا سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی ہے، اس معاملے کا مکمل طور پر ماہرین کی ایک 6 رکنی کمیٹی مطالعہ کر رہی ہے، وہ اپنی رپورٹ جلد ہی دے گی۔نقوی نے دعوی کیا کہ نئے نظام کے لاگو ہونے پر بھی کسی طرح کا بڑا بوجھ حجاج کرام پر نہیں پڑے گا۔نقوی نے یہ بھی کہا کہ 2017کے سفر حج میں سبسڈی ختم نہیں ہوگی۔ممبئی میں آل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرس ایسوسی ایشن کے اجلاس کے دوران نقوی نے کہا کہ ہندوستان میں حج کے لیے درخواست کا عمل 2/ جنوری 2017سے شروع ہو گیا ہے۔درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 24/جنوری 2017ہے۔ہندوستان میں پہلی بار حج کے لیے درخواست کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو گیا ہے۔اسی ماہ حج کا موبائل ایپ بھی لانچ کیا گیا ہے۔حج 2017کے لیے درخواست کے عمل کو آن لائن کرنے کا لوگوں نے زبردست خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک تقریبا تین لاکھ سے زیادہ لوگوں نے درخواست دی ہے جس میں سے ایک لاکھ سے زائد افراد نے آن لائن درخواست دی ہے، آن لائن درخواست سے لوگوں کو شفافیت کے ساتھ حج پر جانے کا موقع ملے گا۔نقوی نے کہا کہ اقلیتی وزارت 2017کے سفر حج کے لیے حجاج کرام کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرانے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے لیے وزارت نے کئی اقدامات کئے ہیں۔
نقوی نے کہا کہ حج کے لیے درخواست کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنا اس سمت میں اہم قدم ہے۔اقلیتی امو رکے وزیر نے کہا کہ 2017کے سفر جج کے لیے ہندوستان سے 34500 زیادہ حجاج کرام ا س مبارک سفر پر روانہ ہو ں گے۔یہ فیصلہ ان کے سعودی عرب کے دورے کے دوران لیا گیاہے۔سالوں بعد ہندوستان سے حج پر جانے والے مسافروں کی تعداد میں اتنا بڑا اضافہ کیا گیا ہے، ان کے دورے کے دوران سعودی حکومت سے حاجیوں کی سہولیات، رہائش گاہ،آمدورفت، سیکورٹی وغیرہ جیسے اہم موضوعات پر بھی بحث ہوئی تھی۔قابل ذکر ہے کہ 2016کے سفر حج کے لیے ملک بھر کے 21مراکز سے تقریبا 99903حاجیوں نے حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ فریضہ حج اداکیا تھا جبکہ تقریبا 36ہزار حاجیوں نے پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے ذریعے حج کیا تھا۔نقوی نے کہا کہ اقلیتی امور کی وزارت آئندہ سفر حج کے بہتر انتظامات کی تیاری میں ابھی سے ہی وسیع پیمانے پر لگ گیا ہے۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حج کے دوران حاجیوں کو کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کے لیے حاجیوں کو ٹریننگ دینے میں حج کمیٹی آف انڈیا اور ریاستی حج کمیٹیوں کو ابھی سے ٹریننگ کیمپوں کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی امور کی وزارت نے حاجیوں کو ٹریننگ دینے کے لیے 10-15منٹ کی ایک فلم تیار کی ہے جس میں حاجیوں کے لیے تمام باتوں کے بارے میں معلومات ہوگی،یہ فلم حاجیوں کے لیے منعقد کئے جانے والے ٹریننگ کیمپوں میں بھی دکھائی جائے گی۔